ابتداء ھے رب جلیل کے بابرکت نام سے جو کل کائناتوں کا اکیلا مالک ہے۔ اور اربوں کھربوں دارود و سلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پاک پر اور آپ کی آل پر          

ساہیوال آرٹس کونسل میں بین الاقوامی ادبی و ثقافتی کانفرنس

ساہیوال آرٹس کونسل میں بین الاقوامی ادبی و ثقافتی کانفرنس

پاکستان میں ادبی و ثقافتی ہم آہنگی ، علاقائی ثقافتوں کے مابین باہمی رشتوں کو مستحکم کرنے اور مربوط فکری روابط کو استوار کرنے کے لئے دوسری دو روزہ بین الاقوامی ساہیوال ادبی و ثقافتی کانفرنس 2020 مورخہ 12اور13فروری کو جناح ہال میں منعقد ہو رہی ہے جس کا اہتمام ساہیوال آرٹس کونسل نے کیا ہے ۔کانفرنس میں ترکی،ایران، مصر،امریکہ اور پاکستان سے 60 سے زائد ادب و ثقافت سے جڑے بین الاقوامی شہرت یافتہ ادبی و ثقافتی دانشور ” اردو ادب،ثقافتی شناخت اور جدید استعماری بیانیے“ کے موضوع پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے ۔ یہ بات ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔انہوں نے کہا کہ دو روزہ اس عالمی کانفرنس کا افتتاح کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید کریں گے جس کے بعد کانفرنس کے مختلف سیشنز میں ضمنی موضوعات پر مقالہ جات پڑھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد رضوان شریف اور ڈائریکٹر آپریشنز محمد ابرار عالم ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ سی ای او بارانی یونیورسٹی ساہیوال میاں محمد ساجد اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال ڈاکٹر ناصر افضل کا خصوصی تعاون بھی حاصل ہے۔ ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے مزید بتایا کہ ادبی نشستوں کے ساتھ ساتھ عوام کی تفریح کے لئے عالمی شہرت یافتہ معروف گائک غلام عباس کے ہمراہ ایک محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو کہ 12فروری بروز بدھ جناح ہال میں رات 8 بجے ہو گی ۔ معروف شاعر اور اینکر پرسن سید وصی شاہ کے ساتھ یونیورسٹی آف ساہیوال میں اسی دن ایک شام بھی منائی جائے گی۔ کانفرنس کے اختتام پر ساہیوال آنے والے کانفرنس کے معزز مندوبین کو ہڑپہ میوزیم کا ثقافتی دورہ بھی کرایا جائے گا جبکہ وہیں ان کے اعزاز میں شام شعر بھی منعقد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ یہ کانفرنس دنیا بھر کے ادبی و ثقافتی حلقوں میں ساہیوال کی پہچان بن رہی ہے جو کہ شہر مجید امجد کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

Leave a Reply

Close Menu