ابتداء ھے رب جلیل کے بابرکت نام سے جو کل کائناتوں کا اکیلا مالک ہے۔ اور اربوں کھربوں دارود و سلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پاک پر اور آپ کی آل پر          

ضلع ساہیوال میں عیدالفطر پر پولیس کی طرف سے جامع پلان مرتب

ضلع ساہیوال میں عیدالفطر پر پولیس کی طرف سے جامع پلان مرتب

ضلع ساہیوال میں 1027 مقامات پر نمازعید الفطر کے اجتماعات ہوں گے امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب, ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ, کورونا کے پیش نظر حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ملک دشمن، جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کے لئے 800سے زائد پولیس آفسیران200سے زائدقومی رضا کاران فرائض انجام دیں گے۔
ڈی پی اوساہیوال امیر تیمور خان کی ہدایات پر شہر بھر میں پکٹ پوائنٹ قائم کر کے مشکوک اور شر پسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات جاری۔جبکہ بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی اوساہیوال امیر تیمور خان نے کہا ہے کہ عیدا لفطر کی خوشیو ں کے موقع پر عوام الناس کو پر امن ماحول فراہم کر نے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے اور انشاء اللہ ہم اپنے فرائض انتہائی بہادری اور جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہو کر انجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں گے انہوں نے بتایا کہ ایلیٹ فورس اور پولیس موبائلز کے دستے شہر بھر میں مسلسل گشت کناں ہو ں گے۔ جبکہ شہر بھرکے بازاروں پر عوام الناس کو بھر پور سیکورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ ضلع پولیس کی ڈیوٹی کے علاوہ ٹریفک کا نظام رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی بائی نیم ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔جنہیں اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری سے سر انجام دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
جن مقامات پر نماز عید الفطر منعقد ہو نی ہے وہاں کے منتظمین مسجد کے داخلی راستے پر چیکنگ و شناخت کے لئے مقامی افراد کو مامو ر کریں جبکہ پارکنگ کا نظام 500گز کے فاصلے پر بنایا جائے۔ڈی پی او نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر پارکوں اور تفریح گاہوں پر حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ SOP پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔
عید کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جن کی روک تھام کے لئے علیحدہ سے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ان کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اس مکروہ دھندہ میں ملوث اور زہریلی شراب بنانے والوں کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائیں گے۔ جبکہ لاؤڈ سپیکر کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ضلع بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیےSHOs کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ شر پسند عناصر کی گرفتاریوں کے لیے اپنے اپنے علاقے میں حساس مقامات و دیگر جگہوں پر زیادہ سے زیادہ سرچ آپریشن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس بھی اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھتے ہوئے مشکوک اور شر پسند عناصر کے بارہ میں اطلاع ریسکیو15،مقامی پولیس اسٹیشن یا ضلع کنٹرول روم برائے عید الفطر کے فون نمبر040-9200087پر دے کر محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

Leave a Reply

Close Menu