ابتداء ھے رب جلیل کے بابرکت نام سے جو کل کائناتوں کا اکیلا مالک ہے۔ اور اربوں کھربوں دارود و سلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پاک پر اور آپ کی آل پر          

ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر نے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا

ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر نے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا

ساہیوال :ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جنہیں عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے معاشرے کے تمام باشعور طبقات کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔حکومت نے پولیو جیسی موذی مرض کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور لوگوں میں شعور اجاگر کریں تا کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ٹیچنگ ہسپتال میں محکمہ صحت کی جانب سے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اظہر نقوی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ناصرعباس اورڈسٹرکٹ مانیٹرنیو ٹریشن انٹر نیشنل کے تیمور عبد اللہ کے علاوہ ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل سٹاف اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے جس کیلئے ایک مربوط حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے واضح کیا کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی اس لیے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور پولیو کے خاتمے کیلئے سول سوسائٹی، علما، مذہبی اسکالرز اور میڈیا بھی اپنا اہم کردار ادا کرے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اظہر عباس نقوی نے اجلاس کو بتایا کہ پانچ روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ 92 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی جس کیلئے 1273 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں سے 1070 موبائل ٹیمیں 89 ٹرانزٹ جبکہ 114 فکس ٹیمیں بچوں کو قطرے پلانے کا فریضہ انجام دیں گی۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کا بھی بندوبست کیا جائے گا جبکہ کسی علاقے میں پولیو ٹیمیں نہ پہنچنے کی صورت میں شکایات سیل بھی اپنے فرائض انجام دے گا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس دفعہ پولیو مہم میں پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی 6ماہ سے 5سال تک کے بچوں کودی جائے گی جو بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتی ہے ۔

Leave a Reply

Close Menu